ٹیلر سوئفٹ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی شخصیت نےایک سال میں کتنے ارب روپے کمائے؟

لاہور: دنیا میں سالانہ سب سے زیادہ کمائی کرنے والی گلوکارہ و شخصیت کا اعزاز حاصل کرنے والی امریکی گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے اپنا ساتواں میوزک ایلبم ریلیز کر دیا ہے، 29 سالہ ٹیلر سوئفٹ نے ساتوں سٹوڈیو میوزک ایلبم 23 اگست کو ریلیز کیا۔

ٹیلر سوئفٹ نے محض 14 برس کی عمر میں گلوکاری کا آغاز کیا تھا تاہم انہوں نے پہلا میوزک ایلبم ’ٹیلر سوئفٹ‘ کے نام سے 17 برس کی عمر میں 2006ءمیں ریلیز کیا مگر اس سے پہلے ہی وہ موسیقی کی دنیا میں جانا پہچانا نام بن چکی تھیں اور اچھی آواز اور خوبصورتی کی وجہ سے وہ میوزک انڈسٹری کے آئیکونز کی نظر میں آ گئی تھیں۔

پہلے میوزک ایلبم کی کامیابی کے بعد ٹیلر سوئفٹ نے دوسرا ایلبم ’فیئرلیس‘ محض 2 سال کے وقفے کے بعد 2008ءمیں ریلیز کیا جس نے کافی شہرت حاصل کی۔انہوں نے اپنا تیسرا سٹوڈیو ایلبم ’سپیک ناؤ‘ اکتوبر 2010ءمیں جاری کیا جبکہ چوتھا ایلبم ’ریڈ‘ بھی 2 سال کے وقفے کے بعد 2012ءمیں جاری کیا۔

پاپ گلوکارہ نے پانچواں میوزک ایلبم ’1989‘ اپنی پیدائش کے سال کے نام سے 2014ءمیں جاری کیا اور اس ایلبم نے بھی خوب پذیرائی حاصل کی۔ٹیلر سوئفٹ نے چھٹا میوزک ایلبم ’ریپیوٹیشن‘ 2017ءمیں ریلیز کیا۔

گلوکارہ نے ماضی کے تمام چھ ایلبم ایک ہی لیبل کمپنی ‘بگ مشین‘ کے تحت ریلیز کئے تاہم اب گلوکارہ نے نئی لیبل کمپنی ‘ری پبلک‘ کے تحت اپنے ساتویں میوزک ایلبم کو ریلیز کردیا۔

ٹیلر سوئفٹ نے ساتواں میوزک ایلبم ’لور‘ 23 اگست کو ریلیز کیا جبکہ انہوں نے اس ایلبم کے آڈیو گانے اپنے یوٹیوب چینل پر بھی ریلیز کئے۔ گلوکارہ کے ساتویں میوزک ایلبم میں مجموعی طور پر 18 گانے ہیں اور ان تمام گانوں کی شاعری گلوکارہ نے خود لکھی ہے، تاہم کچھ گانوں میں ان کا ساتھ دیگر نغمہ نگاروں نے بھی دیا ہے۔18 گانوں پر مشتمل اس ویڈیو کا دورانیہ ایک گھنٹے سے بھی زائد کا ہے اور اس کے کئی گانے ایلبم ریلیز ہونے سے قبل ہی شہرت حاصل کر چکے تھے۔

ٹیلر سوئفٹ نے اس ایلبم کے پہلے گانے ’می‘ کو رواں برس اپریل میں جاری کیا تھا جس نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی تھی۔ گلوکارہ نے اس ایلبم کا دوسرا گانا رواں برس جون جبکہ تیسرا گانا رواں ماہ کے پہلے ہفتے میں جاری کیا تھا اور اب انہوں نے پورے ایلبم کو جاری کردیا۔

ٹیلر سوئفٹ پاپ گلوکاری اور اپنی پرفارمنس کی وجہ سے کافی شہرت رکھتی ہیں اور وہ اقتصادی جریدے فوربز کی سال 2019ءکی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 100 عالمی شخصیات کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہیں۔

ٹیلر سوئفٹ ناصرف سب سے زیادہ کمائی کرنے والی گلوکارہ ہیں بلکہ وہ شوبز، سپورٹس، فیشن اور میڈیا انڈسٹری کی تمام شخصیات سے سب سے زیادہ کمائی کرنے والی شخصیت بھی ہیں۔فوربز کے مطابق خوبرو گلوکارہ ٹیلر سوئفٹ نے گزشتہ 12 ماہ میں 18 کروڑ 50 لاکھ امریکی ڈالر یعنی پاکستانی 25 ارب روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔

(Visited 17 times, 1 visits today)

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں