قومی پاکستان کی خبریں

جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے نیب کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں

president-appoints-justice-retired-javed-iqbal-as-chairman-nab-1507489858-4166

اسلام آباد(این این آئی)جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھال لیں۔چیئرمین کی حیثیت سے چارج سنبھالتے ہی جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کے سینئر افسران سے ملاقات کی، جن میں ڈائریکٹر جنرل آپریشنز، ڈائریکٹر جنرلز اور پراسیکیوشن ونگ کے افسران شامل تھے۔جسٹس (ر) جاوید اقبال نے افسران کو پہلا ٹاسک دیتے ہوئے انہیں تمام ریفرنسز، انکوائریز اور اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے سارا ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔سپریم کورٹ کے سابق جسٹس جاوید اقبال کو وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے درمیان اتفاق رائے کے بعد رواں ماہ 8 اکتوبر کو نیب کا نیا چیئرمین مقرر کیا گیا تھا جس کے بعد وفاقی وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی بطور نیب چیئرمین تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا۔جسٹس (ر) جاوید اقبال 4 برس تک نیب چیئرمین کے عہدے پر فائز رہیں گے۔جسٹس (ر) جاوید اقبال 2011 میں سپریم کورٹ کے جسٹس کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے جس کیبعد انھیں ایبٹ آباد میں امریکا کے ہاتھوں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے حوالے سے حقائق سامنے لانے کے لیے بنائے گئے کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔انھوں نے پاکستان میں لاپتہ افراد کے معاملے پر بننے والے جوڈیشل کمیشن کے چیئرمین کے طور بھی کام کیا۔جسٹس (ر) جاوید اقبال سے قبل قمر زمان چوہدری چیئرمین نیب کے عہدے پر تعینات تھے، جن کی مدت ملازمت رواں ماہ 10 اکتوبر کو ختم ہوگئی۔