سیاست پاکستان کی خبریں

نہتے کشمیریوں نے عالمی دہشت گرد بھارت کی ناک میں دم کر رکھا ہے‘سردار فاروق احمد طاہر

349f7d6bbbe22d5347627146761d6e8e

اسلام آباد (این این آئی) سردار فاروق احمد طاہر ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی نے کہا ہے کہ آج جبکہ بظاہر دُنیا میں امن و مان کی باتیں ہو رہی ہیں اور امن کی ناگزیریت کو ہر ایک مان رہا ہے کیونکہ امن میں بھلائی ہے اور بد امنی میں تباہی، تاہم بھارتی سوچ اس کے مغائر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کردار دہشت گردکا ہے جبکہ نہتے کشمیریوں نے اس عالمی دہشت گرد کی ناک میں دم کر رکھا ہے۔ کشمیری جہاں ایک طرف سلامتی کونسل کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت کے حصول کی خاطر اپنی جانوں کی قُربانیاں پیش کر رہے ہیں وہاں یہ بھی حقیقت ہے کہ اُنکی یہ تمام تر قُربانیاں اور کاوشیں ادارہ ء اقوام متحدہ کی ساکھ کی بحالی کے لےئے بھی ہیں کیونکہ دہشت گرد بھارت اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قراردادوں سے بلند و بانگ انکاری ہے اور بھارتی کردار ثابت کر رہاہے کہ وہ اقوام متحدہ کی سُپریمیسی کو چیلنج کےئے ہوئے ہے۔ یہاں یہ امر انتہائی افسوسناک اور تعجب انگیز ہے کہ اصولاً تو ادارہ ء اقوام متحدہ کو کشمیریوں کا ساتھ دیتے ہوئے اپنی قرادادوں پر بھارتی عملدرآمد کو یقینی بنوائے بجائے اس کے کہ وہ بھارت کو کُھلی چُھٹی دےئے رکھے کہ وہ نہتے کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑتا رہے۔ سردار فاروق احمد طاہر ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ اقوام عالم کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ حق کا ساتھ دیتے ہوئے کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے بچانے کے لےئے بھارت پر ہر طرح سے دباؤ ڈالیں کہ وہ ہٹ دھرمی کو چھوڑ کر فی الفور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل پیرا ہو بصورت دیگر بھارت کو ہر طرح کی بین الاقوامی پابندیوں کے سامنے کا عندیہ دیا جائے۔