اسلام آباد : سینیٹ نے پوسٹ آفس (ترمیمی) بل 2017ء کی اتفاق رائے سے منظوری دیدی۔ منگل کو اجلاس میں وفاقی وزیر پوسٹل سروسز مولانا امیر زمان نے تحریک پیش کی کہ 2017ء کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں زیر غور لایا جائے ٗایوان نے تحریک کی منظوری دیدی جس کے بعد چیئرمین نے بل شق وار منظوری کے لئے پیش کیا جسے ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔اجلاس کے دور ان دستور (ترمیمی) بل 2016ء سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کی منظوری دیدی گئی اس سلسلے میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی نے تحریک پیش کی جسے منظور کر لیا گیا۔اجلاس کے دور ان سینٹ میں عائلی قوانین (ترمیمی) بل 2016ء سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کی رپورٹ پیش کرنے کی مدت میں توسیع کی منظوری دیدی گئی اس سلسلے میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر حافظ حمد اللہ نے تحریک پیش کی جسے منظور کر لیا گیا۔اجلاس کے دور ان سینٹ میں دستور (ترمیمی) بل 2016ء آرٹیکل 251 کی ترمیم سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ اجلاس میں قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جاوید عباسی نے رپورٹ پیش کی ۔اجلاس کے دور ان سینٹ میں کارپوریٹ بحالی بل 2017 ء سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی رپورٹ ایوان میں پیش کر دی گئی ٗاجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سینیٹر سلیم ایچ مانڈوی والا نے رپورٹ پیش کی ۔اجلاس کے دور ان باچا خان ایئرپورٹ کی خستہ حالی کے معائنے کے لئے تشکیل دی جانے والی خصوصی کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری دیدی گئی خصوصی کمیٹی کے کنوینئر سینیٹر محسن عزیز نے تحریک پیش کی کہ کمیٹی کی رپورٹ کو زیر غور لایا جائے اور منظور کیا جائے جس پر ایوان نے تحریک کی منظوری دیدی۔ اجلاس کے دور ان سینیٹ نے خزانہ ڈویژن، ریونیو ڈویژن، اقتصادی امور ڈویژن، ایف بی آر، نجکاری کمیشن اور دیگر اداروں کے بجٹ تخصیصات اور اس کے استعمال سے متعلق رپورٹ کی منظوری دیدی۔ قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی۔ جس کے بعد ایوان نے رپورٹ کی منظوری دیدی۔ اجلاس کے دور ان موٹر گاڑیوں کے لئے استثنیٰ کی سکیم سے متعلق قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کی رپورٹ کی منظوری دیدی گئی اجلاس کے دوران قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے اس سلسلے میں تحریک پیش کی جس کے بعد ایوان نے رپورٹ کی منظوری دیدی اجلاس کے دور ان چیئرمین سینیٹ نے بحری بیمہ بل 2017ء متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا اس سلسلے میں سینیٹر پرویز ملک نے تحریک پیش کی جس کے بعد چیئرمین نے بل قائمہ کمیٹی کو بھجوا دیا۔ اجلاس کے دور ان سینٹ میں سٹیٹ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تیسری سہ ماہی رپورٹ 2016-17ء پیش کر دی گئی ٗوفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے رپورٹ ایوان پیش کی۔ اجلاس کے دور ان سینیٹ میں وفاقی کھاتوں اور آڈٹ سال 2016-17ء کے لئے آڈیٹر جنرل کی رپورٹیں پیش کر دی گئیں۔وفاقی وزیر تجارت پرویز ملک نے مالی سال 2015-16ء کے لئے وفاقی کھاتوں اور اس پر آڈٹ سال 2016-17ء کے لئے آڈیٹر جنرل کی رپورٹیں پیش کیں۔اجلاس کے دور ان سینیٹر سسی پلیجو اور عاجز دھامرہ کے نکتہ اعتراض کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کا مسئلہ بلوچستان سے شروع ہوا تھا اور اب یہ سندھ میں پہنچ چکا ہے، سندھ میں صورتحال بڑی سنجیدہ ہے، اگر کسی کے خلاف الزامات ہیں تو انہیں لاپتہ کرنے کی بجائے عدالت میں لایا جانا چاہیے۔ اجلاس میں سیکرٹری سینٹ امجد پرویز نے بتایا کہ سیکرٹری قومی اسمبلی نے اس سلسلے میں سینٹ سیکرٹریٹ کو آگاہ کیا ہے کہ سول سرونٹ (ترمیمی) بل، ڈومیسٹک ورکرز ایمپلائیمنٹ بل، اسلام آباد لازمی ویکسینیشن بل اور ثالثی و مصالحتی بل قومی اسمبلی نے منظور نہیں کیا۔ انہوں نے اجلاس کو بتایا کہ سینٹ کے 263 ویں اور 266 ویں اجلاس کے دوران کل 82 پٹیشنز سینٹ سیکرٹریٹ میں موصول ہوئیں جن میں سے 5 متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کو بھجوا دی گئیں جبکہ 73 کو نمٹا دیا گیا۔
Discussion about this post