لاہور : وفاقی وزیر ریلویز اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ نواز شریف کے حق میں عوامی عدالت کے کراچی سے خیبر تک بارہا فیصلے آچکے، این اے 120 کے الیکشن کو لاہور کے غیورووٹر ایک ٹیسٹ کیس سمجھتے ہیں، لاہور کے شہری ایک مرتبہ پھر ثابت کر دیں گے کہ وہ آئین، قانون، جمہوریت، ترقی، خوشحالی اور روشنیوں کی علامت مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں اور وہ جھوٹوں، سازشیوں اور ان کٹھ پتلیوں کو مسترد کرتے ہیں جو پاکستان کو ایک مرتبہ پھر اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں، این اے 120 کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کے دشمنوں کے لئے ایک منہ توڑ جواب ہو گا۔ خواجہ سعد رفیق نے اپنے حلقہ انتخاب میں میاں میر کالونی کا دورہ کیا اور مسلم لیگی عہدے داروں اور کارکنوں سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے اس موقعے پر مسلم لیگ کے مقامی رہنماوں طارق ورک، چودھری سلیم اور مختار شاہین سے ان کے قریبی عزیروں کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا۔ لیگی عہدے داروں سے بات چیت کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ مسلم لیگ (ن) ہی ہے جو لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر رہی ہے، قومی خزانے کو بھر رہی ہے، ریلوے جیسے قومی اداروں کی بحالی جیسا مقدس فرض سرانجام دے رہی ہے، سی پیک لا رہی اور معاشی ترقی کے ذریعے غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کی پختہ بنیاد رکھ رہی ہے مگر دوسری طرف پشاور کے عوام عمران خان کو ڈھونڈ رہے ہیں تاکہ وہ اس کا گریبان پکڑیں اور پوچھیں کہ تم کہاں ہو۔ کیا تمہیں ووٹ اس لئے دئیے تھے کہ پشاور میں لوگ ڈینگی کا مقابلہ کریں اور خیبرپختونخواہ کا نیرو شہر شہر جھوٹ اور فریب کی بانسری بجاتا پھرے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی والے گفتار کے ہیرو بنتے ہیں مگر وہ کردار اور کارکردگی میں زیرو ثابت ہوئے ہیں، خیبرپختونخوا میں انہوں نے تعلیم اور صحت کے شعبوں کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور وہاں کی پولیس کے ظلم اور کرپشن کی داستانوں سے بھی سوشل میڈیا بھرا پڑا ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نام کا نونہال اس ووٹ بنک کو واپس لینے کے جتن کر رہا ہے جس ووٹ بنک کو اس کے والد کی حکومت اور سیاست نے اپنی کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے گنوا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا ناراض ووٹر زرداری کے متبادل بننے والے عمران خان کی اصلیت سے بھی واقف ہو چکا ہے اور اب ہر جمہوریت پسند کی چوائس مسلم لیگ (ن) بنتی چلی جا رہی ہے جو ملک کی واحد پروگریسو، ڈیموکریٹک پارٹی ہے اورا س کی قیادت اقبال اور قائد کے دئیے ہوئے نظریہ پاکستان کی محافظ اور ترجمان ہے۔
Discussion about this post