گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے سے شہری اذیت میں مبتلا رہے ،کئی مقامات پر شہری آپس میں بھی الجھ پڑے
لاہور: میں مال روڈ پر لیڈی ہیلتھ ورکرز کے دھرنے اور قذافی اسٹیڈیم میں میچز کی سکیورٹی کے باعث راستے بند ہونے سے شہرمیں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ، گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگنے اور منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے سے شہری اذیت میں مبتلا رہے جبکہ مختلف مقامات پر شہری آپس میں بھی الجھتے رہے ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز لیڈی ہیلتھ ورکز نے اپنے مطالبات کے حق میں مال روڈ پر دھرنا دے کر روڈ کو عام ٹریفک کیلئے بند کردیا جس کے باعث مال روڈ اور اس ملحقہ شاہراؤں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اورٹریفک وارڈن بھی ٹریفک کنٹرول میں بے بس نظرآئے ۔ اس کے ساتھ فیروز پوروڈ پرواقع قذافی اسٹیڈیم میں ورلڈ الیون اور قومی کرکٹ ٹیم کے درمیان میچز کی سکیورٹی کو فول پروف بنانے کیلئے راستے بند ہونے کی وجہ سے بھی ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہو ا ۔مال روڈ ،ایمپرس روڈ ،شملہ روڈ ، ڈیوس روڈ ، شملہ پہاڑی ، ٹیمپل روڈ ، فیروز پورروڈ ، قرطبہ چوک ، غوث الاعظم روڈ ، لبرٹی مارکیٹ ، کینال روڈ سمیت علاقوں میں سڑکوں پرشدید ٹریفک جام ہونے سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہیں جبکہ کئی مقامات پر شہری ایک دوسرے الجھتے رہے ۔ اس موقع پر سی ٹی او لاہو رکیپٹن (ر) رائے اعجاز احمد نے کہاکہ ورکنگ ڈیز میں میچز ہونے کی وجہ سے شہر میں ٹریفک کا دباؤ زیادہ ہوگیا ہے ۔ٹریفک کا دباؤ کم کرنے کیلئے شہربھر میں ٹریفک وارڈنز کی ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں ہیں جو ٹریفک کی روانگی کو بہتر بنانے میں مصروف ہیں ۔
Discussion about this post