آفریدی اور یونس نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی الوداعی تقریب کو الوداع کہہ دیا

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان اور شاہد آفریدی نے پی سی بی کی جانب سے ان کے اعزاز میں دی جانے والی الوداعی تقریب کو ہی الوداع کہہ دیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے 14 ستمبر کو ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر 3 سابق کپتانوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کرنے کا اعلان کیا تھا جو اب کھٹائی میں پڑتا دکھائی دے رہا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ میں پاکستان کے لئے 540 وکٹیں حاصل کرنے والے شاہد آفریدی کو چئیرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے فون کیا اور انہیں ان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی۔
شاہد آفریدی نے یہ کہہ کر چئیرمین سے تقریب میں شرکت سے معذرت کرلی کہ وہ دستیاب نہیں ہوں گے۔
ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے موقع پر عوامی رائے ہے کہ شاہد آفریدی کو قذافی اسٹیڈیم میں ایک میچ کھلا کر شاندار انداز میں رخصت کیا جائے تاہم سابق کپتان پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ انھیں کسی الوداعی میچ کی ضرورت نہیں۔
اطلاعات ہیں کہ یونس خان بھی الوداعی تقریب کا حصہ بننا نہیں چاہتے۔
یونس خان نے پی سی بی کے اعلیٰ حکام کی جانب سے کیے گئے رابطے کا مثبت انداز میں جواب سے گریز کرکے واضح پیغام بھیج دیا ہے کہ وہ 14 ستمبر کو الوداعی تقریب میں شرکت کے موڈ میں نہیں ہیں۔
دو سابق کپتانوں کی معذرت کے بعد مصباح الحق اگر لاہور میں الوداعی تقریب میں شرکت کے لئے رضا مند ہو بھی جاتے ہیں تو دیکھنا ہے کہ پی سی بی اس ادھوری تقریب کو الوداعی تقریب کا نام دیتا ہے یا پھر اسے ورلڈ الیون کے لئے عشائیے کا نام دیا جائے گا۔

مزید پڑھیں۔  بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی اس ملک کے لئے قربانی کردی، شاہد خان آفریدی

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں