غیرمعیاری برف نہ صرف گھروں بلکہ ہوٹل، ریسٹورانوں اور ریڑھی پر بکنے والی اشیاء میں استعمال کی جاتی ہے۔
لاہور: صاف ستھری اور معیاری برف کی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں128 برف خانوں کی چیکنگ کی۔آلودہ پانی اور زنگ آلود برتن استعمال کر نے پر 17برف خانے سیل کر دیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ معیاری برف کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کاروائیاں شروع کر دیں ہیں ۔اس سلسلے میں صوبہ بھر سے128 برف خانوں کی چیکنگ کی گئی۔17برف خانوں کو آلودہ پانی اور زنگ آلود برتن استعمال کر نے پر سیل کردیا گیا ۔
برف کی تیاری میں آلودہ پانی استعمال کرنے پر لاہور ڈویژن میں 4، گوجرانوالہ میں 2، ملتان اور ڈی جی خان میں 2، فیصل آباد میں 3، سرگودھا اور راولپنڈی میں بھی 2،2برف خانے سیل کیے گئے۔ 99 برف کارخانوں کو صفائی کے انتظامات بہتر کرنے اور مزدوروں کے میڈیکل کروانے کے نوٹس جاری کئے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ گرمیوں میں برف عام آدمی کی خوراک کا لازمی جزو بن جاتی ہے۔ برف نہ صرف گھروں بلکہ ہوٹل، ریسٹورانوں اور ریڑھی پر بکنے والی اشیاء میں استعمال ہوتی ہے۔
برف جمانے کے لیے زنگ آلود برتنوں کا استعمال بیماریوں کا باعث بنتا ہے جبکہ صاف اورمعیاری برف کی فراہمی سے ہیضہ، ڈائیریا، ہیپاٹائیٹیس سمیت متعدد بیماریوں پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
ڈی جی فوڈ نورالامین مینگل نے واضح کیا کہ معیاری برف کی یقینی فراہمی کے لیے برف خانوں کی سرپرائز چیکنگ کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پنجاب فوڈ اتھارٹی قوانین کی خلاف ورزی کر نے پر سخت ایکشن لے گی۔برف خانوں کے خلاف کریک ڈاؤن روان ہفتہ جاری رہے گا۔ علاوہ ازیں ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے ہر ماہ میں دو دفعہ برف خانوں کی خصوصی چیکنگ کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔
Discussion about this post