دونوں کے دل قربت اور دوری، صحت و بیماری میں بھی ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ٗ مریم نواز
انشاء اللہ ہم جلد ساتھ ہوں گے ٗ کلثوم نواز
لاہور : سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی اہلیہ رکن قومی اسمبلی بیگم کلثوم نواز کی شادی کی 47 ویں سالگرہ سادگی سے منائی گئی ۔ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ایک کیک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ماشاء اللہ میرے والدین کی شادی کے 47 برس مکمل ہوگئے۔
مریم نواز نے لکھا کہ دونوں کے دل قربت اور دوری، صحت و بیماری میں بھی ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔تصویر میں ایک خاتون کیک کاٹ رہی ہیں جبکہ کیک پر لکھا ہے کہ ہیپی اینیورسری کلثوم اینڈ نواز۔
بعدازاں مریم نواز نے اپنی دوسری ٹوئیٹ میں وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ یہ میری والدہ کی تصویر ہے جنہوں نے بستر پر بیٹھے بیٹھے کیک کاٹا اور انہوں نے اس پیغام کے ساتھ یہ تصویر ہمیں بھیجی ہے کہ انشاء اللہ ہم جلد ساتھ ہوں گے۔
واضح رہے کہ بیگم کلثوم نواز گلے کے کینسر میں مبتلا ہیں جس کے علاج کے سلسلے میں وہ گزشتہ چند ماہ سے لندن میں مقیم ہیں۔گذشتہ ماہ کے آغاز میں ڈاکٹرز نے کلثوم نواز کی گردن میں دوبارہ ٹیومر بن جانے کے باعث ان کی مزید سرجری کا فیصلہ کیا تھا۔برطانوی ڈاکٹرز، بیگم کلثوم نواز کی گزشتہ 7 ماہ میں 6 بار کیمو تھراپی کرچکے ہیں جب کہ ان کی 7 ماہ میں 3 بار سرجری بھی کی گئی۔
Discussion about this post