شوبز کی دنیا میں 45 سال کا عرصہ گزرچکا ہے مگر ابھی تک مجھے پرائیڈ آف پرفارمنس نہیں ملا ‘ سینئر اداکار کی خصوصی گفتگو
لاہور: سینئر اداکار ذوالقرنین حیدر نے کہا ہے کہ 45 سال سے شوبز کی دنیا میں کام کررہا ہوں اور مجھے اعزاز حاصل ہے کہ میں واحد آرٹسٹ ہوں جس نے پی ٹی وی کے پانچوں سنٹرز پر بطور رائٹر، ڈائریکٹر اور اداکار کے طو ر پر کام کیا اور کوئٹہ میں بننے والی ڈرامہ سیریل ’’کوشش ‘‘میں لیلیٰ زبیری سمیت ددیگر اداکاروں کو ملک گیر شہرت دی۔ انہوں نے ’’این این آئی ‘‘سے خصوصی گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ مجھے شوبز کی دنیا میں 45 سال کا عرصہ گزرچکا ہے مگر ابھی تک مجھے پرائیڈ آف پرفارمنس نہیں ملا اور نہ ہی مجھ جیسے اور اداکاروں کو ملا ہے ۔
مجھے سمجھ نہیں آتی کہ پرائیڈ آف پرفارمنس دینے کا کرائٹ ایریا کیا ہے، کن باتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے کسی بھی فنکار کو اس ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے ۔ اس سے بڑی بد قسمتی اور کیا ہوگی کہ فلم انڈسٹری کے نامور اداکار اسلم پرویز کو بعد از مرگ 30 سال کے بعد پرائیڈ آف پرفارمنس ملا اور اسی طرح چاکلیٹی ہیرو وحید رمراد کو بھی مرنے کے بعد ایوارڈ سے نوازا گیا۔ شاید اب ایوارڈ دینے والی کمیٹی ہم جیسے سینئر اداکاروں کے مرنے کا انتظار کررہی ہے تاکہ ہمارے نام پرائیڈ آف پرفارمنس کی لسٹ میں آجائے۔ انہوں نے کہا کہ جن اداکاروں کو پرائیڈ آف پرفارمنس دیا جاتا ہے ان کیلئے تمام یوٹیلٹی بل معاف کرنے کے ساتھ ان کو اوران کے اہل خانہ کو صحت کی مفت سہولتیں اور بچوں کو فری تعلیم دی جائے اور پرائیڈ آف پرفارمنس حاصل کرنے والوں کو وی آئی پی کا درجہ ملنا چاہیے ورنہ پرائڈ آف پرفارمنس کی کوئی اہمیت نہیں ۔
Discussion about this post