انگلینڈ نے آسٹریلیا کوباآسانی 6 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں چار۔صفر کی برتری حاصل کرلی

انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 45 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ٗجیسن رائے کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری میچ 24 جون کو مانچسٹر میں کھیلا جائیگا

چیسٹرلی: چوتھے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کوباآسانی 6وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں چار۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ ریور سائیڈ گراؤنڈ ، چیسٹر لی اسٹریٹ پر کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی کپتان ٹم پینے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اوپنر فنچ اور ہیڈ نے 101 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، ہیڈ 63 رنز بناکر فنچ کا ساتھ چھوڑ گئے۔نئے بیٹسمین شان مارش نے فنچ کا بھرپور ساتھ دیا اور دوسری وکٹ کی شراکت میں 124 رنز جوڑ کر مجموعی اسکور 225 تک پہنچادیا،فنچ 100 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

نئے بیٹسمین اسٹوئنس صرف ایک رن بناسکے، اس کے بعد وکٹیں گرنے کا ایسا سلسلہ شروع ہوا کہ اگلے چھ بیٹسمین مجموعی اسکور میں صرف 85 رنزکا اضافہ کرسکے اور ٹیم مقررہ 50 اوور میں 310 رنز بناسکی۔

مارش نے 92 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 101 رنز بنائے۔انگلینڈ کی جانب سے ویلے نے 4، جبکہ ووڈ اور عادل راشد نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کے اوپنرز جیسن رائے اور بیرسٹو نے شاندار آغاز فراہم کرکے ٹیم کیلئے جیت کی بنیاد رکھ دی، جیسن روئے 174 رنز کی شراکت کے بعد 101 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔بیرسٹو نے 79 ، بٹلر نے ناقابل شکست 54 رنز بنائے جبکہ ہیلز 34 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے اور اس طرح انگلینڈ نے مطلوبہ ہدف 45 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا ٗجیسن رائے کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔پانچ میچوں پر مشتمل سیریز کا آخری میچ 24 جون کو مانچسٹر میں کھیلا جائے گا۔

Leave a Reply