جمہوریت کے فروغ کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا، محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد :چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوم آزادی آنیوالے دنوں میں ہمارے لئے سیاسی، اقتصادی اور سماجی استحکام کی نوید لے کر آئے گا،

پوری قوم جانتی ہے گزشتہ چند برسوں کے دوران پاکستان پر علاقائی اور عالمی حالات کے بڑے گہرے اثرات مرتب ہوئے ہیں جس کے نتیجہ میں پاکستان میں نہ صرف امن و امان کے مسائل پیدا ہوئے بلکہ اقتصادی مسائل بھی دیکھنے میں آئے۔یوم آزادی کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ حکومت پاکستان نے وطن عزیز کے مختلف علاقوں اور شہروں کو بدامنی، دہشت گردی اور انتہاء پسندی سے پاک کرنے کیلئے بھرپور سیاسی عزم کے ساتھ افواج پاکستان اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے جس کے نتیجہ میں پاکستان میں امن بحال ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں قومی منصوبوں اور اہداف کے حصول کیلئے اتفاق رائے کا مظاہرہ کر رہی ہیں جس کا واضح ثبوت سی پیک کے منصوبہ جات ہیں، اب جبکہ ملک میں نئی جمہوری حکومت قائم ہونے جا رہی ہے ہمیں خود احتسابی کے عمل کے تحت یہ سوچنا ہو گا کہ ماضی میں ایسی کون سی غلطیاں اور کوتاہیاں سرزد ہوئی ہیں جن کی بدولت ہم دیگر قوموں کی نسبت پیچھے رہ گئے ہیں، ہمیں مل کر فیصلہ کرنا ہو گا کہ انتشار اور افراتفری پر قابو پانے کیلئے کیا اقدامات اٹھانے چاہئیں اور جمہوریت کے فروغ کیلئے متفقہ لائحہ عمل اختیار کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ساری توانائیاں پاکستان کی تعمیر و ترقی و خوشحالی پر مرکوز کرنا ہوں گی، دہشت گردی کے ناسورکو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کیلئے ہم سب پرعزم ہیں، مسلح افواج، سول و آرمڈ فورسز اور دیگر متعلقہ اداروں کی دہشت گردی کے خلاف قربانیاں اور کوششیں قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل سے ملک اقتصادی ترقی کی ایسی راہ پر گامزن ہو گا جو ترقی و خوشحالی کی نئی منزلیں طے کرے گا جس کے ثمرات پوری قوم کو میسر ہوں گے، ہمارا مذہب اسلام محبت، رواداری اور حسن سلوک کا درس دیتا ہے، آزادی کی نعمتوں کے تحفظ کیلئے ہمیں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہو گا۔
آئیے عہد کریں کہ علامہ اقبال ؒ کی فکر اور بابائے قوم ؒ کے نظریات کے تحت ہم ایمان و یقین، اتحاد و اتفاق اور نظم و ضبط کے ساتھ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ۔

Leave a Reply