وزیراعظم عمران خان کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی

جس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے 8 گھنٹے پر محیط طویل بریفنگ دی جبکہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے دورے کے دوران یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بدھ کو آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین کو ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے آگاہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے یادگار شہداءپر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کو سٹرٹیجک انٹیلی جنس نیشنل سکیورٹی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 وزیراعظم نے قومی سلامتی سے متعلق آئی ایس آئی کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم نے دہشت گردی کیخلاف جاری کوشش پر آئی ایس آئی کے کردار کو سراہا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ آئی ایس آئی ہماری پہلی دفاعی لائن ہے۔ آئی ایس آئی دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسی میں شمار ہوتی ہے۔ حکومت اور عوام مسلح افواج اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔

 حکومت اور عوام ان اداروں کی دہشتگردی کے خلاف بے مثال کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ قبل ازیں آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی نے وزیراعظم کا آئی ایس آئی ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر استقبال کیا۔

Leave a Reply