بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اہم شخصیات کا اظہار افسوس

نامور شخصیات، اظہار افسوس
loading...

سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر ملک بھر کی اعلیٰ ترین سیاسی و عسکری قیادت نے گہرے دکھ اوردلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے نواز شریف کی اہلیہ محترمہ کلثوم نوازکی وفات پر دکھ کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز بہادرخاتون تھیں، حکومت محترمہ کلثوم نواز کے لواحقین کو قانون کے مطابق تمام سہولیات فراہم کرے گی۔ وزیراعظم کی جانب سے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کومرحومہ کے لواحقین کو تمام ضروری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرنے کی ہدایت کردی گئی ہیں۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پرغمزدہ خاندان سے اظہار تعزیت کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی بیگم کلثوم نواز کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف کا کہنا تھا کلثوم نواز کی وفات شریف خاندان کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ نواز شریف نے ہر مشکل وقت میں اہلیہ سے مشاورت کی۔ مرحومہ نے گھر بھی سنبھالا، آزمائش پڑی تو چاردیواری سے باہرنکلیں۔ انہوں نے کہا بیگم کلثوم نواز مشکل حالات میں باہر نکلیں اور ڈکٹیٹر شپ کو چیلنج کیا۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ بیگم کلثوم نواز کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے نواز شریف کی اہلیہ کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز نہایت نفیس خاتون تھیں۔ ان کی جمہوریت کے لیے لازوال قربانیاں ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

مزید پڑھیں۔  طارق فضل چوہدری کو نوازشریف سے ملاقات سے روک دیا گیا

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ مرحومہ کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر و ہمت عطا کرے۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں