إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعون — سابق خاتون اول بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کرگئیں

کلثوم نواز

ایک سال25دن لندن ہارلے سٹریٹ کلینک میں زیر علاج 68سالہ کلثوم نواز کو طبیعت بگڑنے پروینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا لیکن جانبر نہ ہو سکیں.
انتقال کی خبر پر نواز شریف، مریم، کیپٹن صفدر آبدیدہ ہوگئے شہباز شریف آج لندن جائینگے‘ میت پاکستان منتقل کرنے کیلئے پاکستانی ہائی کمیشن کا افسر معاونت کیلئے مقرر
وزیراعظم، آرمی چیف، صدرمملکت، چیئرمین سینیٹ‘ سپیکر و ڈپٹی سپیکر‘گورنرز ‘ وزراء اعلیٰ‘ شجاعت، پرویز الٰہی، زرداری، بلاول و دیگر شخصیات کا گہرے دکھ کا اظہار

لندن، لاہور، اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز لندن میں انتقال کرگئیں۔تفصیلات کے مطابق کینسر کے مرض میں مبتلا 68 سالہ بیگم کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبیعت بگڑنے پر دوبارہ وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا۔شہباز شریف اور حسین نواز نے بیگم کلثوم نواز کی وفات کی تصدیق کی۔خاندانی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی میت کو پاکستان لایا جائے گا اور ان کی تدفین جاتی امرا میں کی جائے گی۔میت روانہ کرنے سے قبل قانونی کارروائی مکمل کی جائیگی، اس سلسلے میں ہارلے اسٹریٹ کلینک نے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا ہے۔

شہباز شریف آج لندن پہنچیں گے۔خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ کلثوم نواز کی میت کے ساتھ 10 افرادپاکستان آئینگے۔جسد خاکی پاکستان لانے کے بعد تدفین جمعے کو جاتی امرا میں ہوگی۔ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق نماز جنازہ اور تدفین کیلئے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی پیرول پر رہائی کی اجازت دے دی گئی ہے۔ دوسری جانب نوازشریف کو ان کی اہلیہ کے انتقال سے اڈیالہ جیل میں آگاہ کردیا گیا ہے جس کے بعد نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایک ہی روم میں منتقل کردیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں۔  تبدیلی: لوٹا پیسہ واپس لانے کیلئے ٹاسک فورس کا قیام: مدارس سمیت تمام اسکولوں میں یکساں نصاب لانا ہے..

انتقال کی خبر پر نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر آبدیدہ ہوگئے۔سفارتی ذرائع کے مطابق بیگم کلثوم نواز کی میت پاکستان منتقل کرنے کیلئے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کواحکامات موصول ہوگئے ہیں ٗ پاکستانی ہائی کمیشن نے ایک افسر کو شریف خاندان کی معاونت کیلئے مقرر کردیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیگم کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ بیگم کلثوم نواز کی رحلت کی خبر پر دل افسردہ ہے، وہ ایک حوصلہ مند اور باوقار خاتون تھیں۔

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار‘ صدر مملکت عارف علوی، سپیکر اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی‘ چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ‘ گورنرز ، چودھری شجاعت، پرویز الٰہی ، بلاول بھٹو، آصف علی زرداری و دیگر سیاسی رہنماؤں نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ۔ (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں)

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں