ایون فیلڈ ریفرنس ،نواز شریف اور دیگر کا بیان قلمبند نہ ہوسکا ،سماعت 21مئی تک کیلئے ملتوی

نواز شریف
loading...

کچھ سوالات میں درستگی کرنی ہے ،سمجھ نہیں آ رہا ،خواجہ حارث ۔۔۔۔۔۔وکیل صفائی خواجہ حارث عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں ، ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب

اسلام آباد:احتساب عدالت میں جمعہ کو ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کے سلسلے میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے بیانات ریکارڈ نہ ہوسکے، جس کے بعد سماعت 21 مئی تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق 16 مئی کو ہونے والی گزشتہ سماعت پر احتساب عدالت نے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کے بیانات جمعہ 18 مئی کو ریکارڈ کرنیکا فیصلہ سنایا تھا اور تینوں ملزمان کو 127 سوالات پر مشتمل سوالنامے دے دیئے گئے تھے۔سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔

سماعت کے آغاز پر وکیل صفائی خواجہ حارث نے ملزمان کو دیئے گئے سوالنامے پر اعتراض کر دیا۔خواجہ حارث نے کہا کہ کچھ سوالات میں درستگی کرنی ہے ٗسمجھ نہیں آ رہا۔اس موقع پر ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر عباسی نے کہا کہ وکیل صفائی خواجہ حارث عدالت کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب کا کہنا تھا کہ ہم تعاون کر رہے ہیں لیکن وکیل صفائی ہمارے ساتھ تعاون نہیں کر رہے۔

سردار مظفر عباسی نے کہا کہ عدالت نے پچھلی سماعت پر بجلی نہ ہونے پر ایسی، پنکھے اور لائٹیں بند کرکے پورا دن لگا کر سوالنامہ بنایا تاکہ کمپیوٹر چل جائے اور اب خواجہ حارث مزید وقت مانگ رہے ہیں۔ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب کا مزید کہنا تھا کہ ہم تو سوالنامہ بھی دینے کو تیار نہ تھے، لیکن عدالت نے ان کی سہولت کیلئے سوالنامہ تک انہیں دے دیا۔

مزید پڑھیں۔  لاہور برکت مارکیٹ، بیکری میں آگ لگنے سے 5 افراد جاں بحق, 6 زخمی

جس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ آخری چانس ہے پیر کو ملزمان کے بیانات قلمبند ہوں گے۔جس کے بعد نواز شریف اور دیگر کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت پیر 21 مئی تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔یاد رہے کہ پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس میں نیب کے گواہ تھے اور وہ اپنا بیان قلمبند کروا چکے ہیں۔

دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں وکیل صفائی خواجہ حارث کی جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پر جرح جاری ہے ٗ جس کی آئندہ سماعت منگل 22 مئی کو ہوگی۔

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں