دیامر بھاشا، مہمند ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی منظوری

دیامر بھاشا

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی اجازت دے دی۔ عدالت عظمیٰ نے حکم دیا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے فنڈز کا نیا نام سپریم کورٹ وزیراعظم ڈیم فنڈزہوگا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں بنچ نے ڈیم فنڈ کے نام کی تبدیلی سے متعلق سٹیٹ بینک کی درخواست کی سماعت کی، نمائندہ سٹیٹ بینک نے عدالت کو بتایا کہ فنڈزکا پہلے نام سپریم کورٹ دیامر بھاشا ڈیم فنڈز تھا، وزارت خارجہ نے نام وزیراعظم چیف جسٹس ڈیم فنڈ رکھ دیا ۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ وزیراعظم نے فنڈزکا نام بدلنے کے لیے مجھ سے اجازت لی تھی۔ وزیراعظم نے کہا تھا فنڈزکو جوائن کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم کا مقام ہے، ہمیں اس پرکوئی اعتراض نہیں، چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ نام بدلنے کی بنچ سے اجازت نہیں لی گئی تھی، ہم نے کہا فنڈز آنے چاہئیں، نام بےشک کوئی بھی ہو، ہمارا کوئی انا کا مسئلہ نہیں۔

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نیئر رضوی نے کہا کہ اکاؤنٹ کا نام تبدیل کرنے سے کچھ مشکلات آئیں گی،اشتہارات میں اب فنڈزکا نام تبدیل کرنا پڑے گا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پرانے اشتہارات ایسے ہی چلنے دیں۔ نئے اشتہارات میں فنڈز کا نام تبدیل کرلیاجائے،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ڈیم فنڈزکے عطیات کوٹیکس سے مستثنیٰ کردیا۔

عدالت نے ڈیم فنڈ کا نام تبدیل کرنے کی اجازت دیتے ہوئے دیامر بھاشا ڈیم کے فنڈز کو نیا نام سپریم کورٹ وزیراعظم ڈیم فنڈز کردیا۔

(Visited 13 times, 1 visits today)
loading...

Comments

comments

#Dam #Diyamir #aajkalpk #Pakistan,

اپنا تبصرہ بھیجیں