شہباز شریف کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا پہلا اجلاس آج پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا

شہباز شریف

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے زیرحراست اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کی زیرصدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کا پہلا اجلاس آج 3 بجے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا۔

اجلاس کے پہلے دن کمیٹی ونگ کے افسران اراکین کو بریفنگ دیں گے اور اجلاس کو بتایا جائے گا کہ ماضی میں کمیٹی نے کیا کام کیا اور کتنا کام باقی رہ گیا ہے۔

اجلاس میں نیب اور ایف آئی اے سمیت دیگر اداروں کے حکام بھی موجود ہوں گے۔ کمیٹی کا دوسرا اور تیسرا اجلاس بالترتیب پیر (31 دسمبر) اور منگل (یکم جنوری) کی صبح ہوگا۔ اس اجلاس کے دوران آڈیٹر جنرل آف پاکستان کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔

واضح رہے کہ شہباز شریف آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل کے سلسلے میں نیب لاہور کی حراست میں ہیں، نیب حکام پروڈکشن آرڈر جاری ہونے پر قومی اسمبلی اجلاس میں شرکت کے لیے انہیں لاہور سے اسلام آباد لاتے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت کی انتظامیہ کی جانب سے منسٹر انکلیو میں واقع شہبازشریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دیا جاتا ہے۔

آج ہونے والے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے لیے بھی گذشتہ روز شہباز شریف کی جانب سے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے کی درخواست کی گئی، جسے اسپیکر نے منظور کرتے ہوئے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پرحکومت اور اپوزیشن متفق

واضح رہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چیئرمین شپ کے حوالے سے حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک تھا اور حکومت نے بطور چیئرمین شہباز شریف کی نامزدگی کو مسترد کردیا تھا، تاہم بعدازاں 13 دسمبر کو حکومت اور اپوزیشن میں شہباز شریف کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنانے پر اتفاق ہوگیا تھا۔

جس کے بعد 21 دسمبر کو شہباز شریف پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب ہوگئے تھے۔

گذشتہ روز وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے شہباز شریف کو پی اے سی چیئرمین بنانے کے فیصلے کو ‘آئین وقانون کے منافی’ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس معاملے پر سپریم کورٹ جانے کا سوچ رہے ہیں۔

(Visited 15 times, 1 visits today)

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں