العزیزیہ ریفرنس: نواز شریف کی سزامعطلی کی درخواست سماعت کے لیے مقرر

نوازشریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں سزا معطلی کے لیے دائر درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کے وکلا کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس میں سزا معطل کرنے اور ضمانت پر رہائی کے لیے درخواست کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے اعتراضات دور کرکے دوبارہ دائر کیا جسے سماعت کے لیے منظور کرلیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کی درخواست کو پیر 7 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل 2 رکنی ڈویژن بینچ سابق وزیراعظم کی درخواست پر سماعت کرے گا۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔

سابق وزیراعظم کی جانب سے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف یکم جنوری کو اپیل دائر کی گئی تھی جس میں سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی اپیل کی گئی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے درخواست کو نامکمل قرار دے کر واپس کردیا تھا۔

نواز شریف کے وکلاء نے 3 جنوری کو درخواست کو مکمل کرکے ایک بار پھر دائر کیا تاہم رجسٹرار نے گذشتہ روز دوسری بار سابق وزیراعظم کی اپیل پر اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: العزیزیہ ریفرنس فیصلہ: سزا کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کی تیاری شروع

نواز شریف کے وکیل منور اقبال دگل نے آج درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے اسے دوبارہ دائر کیا۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ اپیل پر فیصلے تک احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا معطل کی جائے اور نواز شریف کی ضمانت پر رہائی کے احکامات جاری کیے جائیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم کو پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں دائر ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی 11 سال کی سزا سنائی گئی جس میں ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر بھی سزا پاچکے ہیں تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں کی سزا معطل کرکے ان کی ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

(Visited 8 times, 1 visits today)
loading...

Comments

comments

العزیزیہ ریفرنس,

اپنا تبصرہ بھیجیں