کرکٹ‌ ورلڈ کپ: پاکستان کی بنگلا دیش کے خلاف بیٹنگ جاری

لندن: آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2019 کے 43ویں میچ میں آج پاکستان نے بنگلادیش کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بنگلادیش کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے اور پرُعزم ہیں کہ آج کا میچ بڑے مارجن سے جیتیں گے۔

اس موقع پر سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ معلوم ہے کہ مارجن بڑا ہے لیکن پوری کوشش کریں گے کہ آج کا میچ بڑے مارجن سے جیت سکیں۔

انہوں نے بتایا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے ٹیم وہی ہے جو گزشتہ میچ میں تھی۔

بنگلادیش کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں شبیر رحمان اور روبیل حسن کے بجائے محموداللہ اور مہدی حسن آج ٹیم کا حصہ ہیں۔

 پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں آج آمنے سامنے ہیں، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔

نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے امکانات تقریباً ختم ہوگئے ہیں لیکن اگر گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو بنگلادیش کو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کے سب سے بڑے مارجن سے ہرانا ہوگا اور نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے بڑا اسکور کرنا ہوگا۔

فائنل فور میں پہنچنے کیلئے پاکستان ٹیم کو بنگلادیش کی بولنگ کے خلاف پہلے 400 رنز بنانا ہوں گے اور پھر بنگلادیش کو 84 رنز پر آؤٹ بھی کرنا ہوگا۔ اگر گرین شرٹس نے 350 رنز بنائے تو 311 رنز سے میچ جیتنا ہوگا یعنی صرف 39 رنز پر بنگلادیش کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

بنگلادیش کا ون ڈے کرکٹ میں کم سے کم اسکور 58 ہے جو اس نے ورلڈ کپ 2011 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف بنایا تھا، پاکستان کو بھی اسی طرح بنگلادیشی ٹیم کو آؤٹ کرنا ہوگا۔

پاکستان نے ون ڈے کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف بنائے تھے، جہاں فخر زمان کی ڈبل سنچری کی بدولت پاکستان نے ایک وکٹ پر 399 رنز اسکور کئے تھے ، اس بار بھی بیٹنگ میں کچھ ایسی ہی کارکردگی دکھانی ہوگی۔

پاکستان کی بنگلادیش کے خلاف رنز کے اعتبار سے سب سے بڑی فتح 233 رنز ہے جو 19 سال قبل حاصل کی تھی لیکن موجودہ بنگلادیشی ٹیم کی بیٹنگ لائن مظبوط تصور کی جاتی ہے صرف شکیب الحسن ہی ایونٹ میں 500 سے زائد رنز بناچکے ہیں تو گرین شرٹس کو سیمی فائنل میں پہنچنا ہے تو ناممکن کو ممکن بنانا ہوگا۔

یاد رہے کہ اگر بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی تو پاکستان میچ شروع ہونے سے قبل ہی ایونٹ سے باہر ہوجائے گا جبکہ بنگلادیش پہلے ہی سیمی فائنل کی دوڈ سے باہر ہو گیا ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ بنگلا دیش کے خلاف میچ میں 500 رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہم پوری کوشش کریں گے بنگلا دیش کے خلاف میچ جیتیں، اگر نصیب میں ہوا تو کو ئی معجزہ ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم ورلڈکپ کا اختتام اچھے نوٹ پر کرنا چاہتے ہیں، ہم چار میچز ضرور ہارے ہیں لیکن ہم نے جس انداز میں کم بیک کیا اس کے بعد اگر ہم اگلے مرحلے میں نہیں گئے تو مایوسی ہو گی۔

خیال رہے کہ پاکستان ورلڈکپ میں اب تک 8 میچز کھیل چکا ہے جس میں سے 4 میچز میں اسے کامیابی، ایک بارش سے متاثر جبکہ 3 میں اسے شکست ہوئی ہے۔ پاکستان اس وقت 9 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔

اگر پاکستان بنگلادیش کیخلاف میچ میں شرائط پوری کرتے ہوئے کامیابی حاصل نہیں کرتا تو اسے وطن واپسی کی تیاری کرنی ہوگی۔

(Visited 16 times, 1 visits today)
loading...

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں