شطرنج میں عالمی ریکارڈ بنانے والی پاکستان کی بیٹی مہک گُل

لاہور : پنجاب سے تعلق رکھنے والی مہک گل نامی لڑکی سے انتہائی کم وقت میں شطرنج کا بورڈ ترتیب دے کر عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور سے تعلق رکھنے والی مہک گل نے بتایا کہ وہ سیکنڈ ائیر کی طلبہ ہیں، وہ خود کو شطرنج کی ملکہ اس لئے کہتی ہیں کیونکہ اُنہوں نے 2011 میں نیشنل ویمن چیس چمپئن شپ کھیلی تھی۔

مہک گل کا کہنا تھا کہ اِس نیشنل ویمن چمپئن شپ میں کوالیفائی کرنے کے بعد انہوں نے 2012 میں ورلڈ چیس اولمپیاڈ کھیلی تھی جو ترکی میں کھیلی گئی تھی اور اسی سال انہوں نے گنیز ورلڈ ریکارڈ بھی بنایا جس میں انہوں نے انتہائی کم وقت میں صرف ایک ہاتھ سے شطرنج بورڈ ترتیب دیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے 45.48 سیکنڈ میں شطرنج بورڈ ترتیب دیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 2016 میں دوسری مرتبہ ورلڈ چیس اولمپیاڈ کھیلی تھی جو آذر بائیجان میں منعقد ہوئی تھی جس میں انہوں نے ڈبلیو سی ایم ویمن کینڈیڈیٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا، اور اب وہ پاکستان کی سب سے کم عمر ترین ڈبلیو سی ایم ہیں۔

انہوں نے شطرنج کے شوق کے حوالے سے بتایا کہ ان کو یہ کبھی معلوم نہیں تھا کہ شطرنج کا کھیل ایک پیشہ ہے اور باقاعدہ اِس کے کھیل منعقد کروائے جاتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ان کو شطرنج کے کھیل سے متعلق کچھ بھی معلوم نہیں تھا جو کچھ بھی پتا چلا وہ ان کے والد صاحب نے بتایا۔

انہوں نے کہا کہ جب انہوں نے شطرنج کھیلنا شروع کیا تو شروعات میں ان کو بہت زیادہ ڈانٹ بھی پڑتی تھی۔

مہک گل کا کہنا تھا کہ ان کی والدہ کہتی تھیں کہ شطرنج کے علاوہ بھی دوسرے کام سیکھو اور پڑھائی کی طرف بھی توجہ دو۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے ملک میں شطرنج پر توجہ دی جائے تو پاکستان سے بہت سے بہترین کھلاڑی سامنے آئیں گے جو عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کریں گے۔

Leave a Reply