آزمائش کی گھڑی میں دوست ہی دوست کے کام آتا ہے، عثمان بزدار

عثمان بزدار
Loading...

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عالمگیر وبا کورونا پر قابو  پانے کے لیے چینی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے چین کا ماڈل دنیا کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔

پاکستانی ایئر ٹریفک کنٹرولرز کی امدادی سامان لے جانیوالے بھارتی طیاروں کی رہنمائی

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے چینی ڈاکٹروں اور ماہرین کے وفد نے ملاقات کی جس میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے دو طرفہ تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

چینی ماہرین اور ڈاکٹروں کے وفد کی قیادت چین کے صوبے ارومچی کے ڈاکٹر مامنگ ہوئی نے کی۔

 چینی ڈاکٹر مامنگ ہوئی نے کہا کہ گرمی میں بھی کورونا کے پھیلاؤ کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، صرف سماجی فاصلے کورونا وائرس سے بچاؤ میں اہم کردار  ادا کرتے ہیں۔

اس موقع پر  چینی ڈاکٹروں نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے حوالے سے اپنے تجربات بھی شیئر کئے اور کورونا سے متعلق عوام کے تحفظ کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات کو قابل تحسین قرار دیا۔

چینی وفد نے کہا کہ ملک میں کم ازکم 28 دن کے لیے لاک ڈاؤن پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، 28 دن کے بعد محتاط انداز میں مرحلہ وار  پابندیاں نرم کی جانی چاہیں۔

ملاقات میں چینی وفد نے کہا کہ  بعض اوقات کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوتیں، زیادہ قوت مدافعت رکھنے والے افراد جلد صحت یاب ہو جاتے ہیں جب کہ معمر افراد اور دیگر بیماریوں میں مبتلا لوگوں کے لیے کورونا وائرس خطرناک ہو سکتا ہے لیکن کورونا وائرس کے شکار مریض کو گھر میں رہنے کی بجائے اسپتال یا قرنطینہ مرکز میں آنا چاہیے۔

Loading...

چینی ڈاکٹرز نے بتایا کہ مریض کی جان بچانے کے لیے انتہائی ناگزیر صورت میں پلازمہ اور  3 اینٹی وائرل ادویات کا استعمال مفید ثابت ہوا ہے۔

علاوہ ازیں چینی ڈاکٹروں نے حکومت پنجاب کو کورونا سے نبرد آزما ہونے کے لیے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے چینی ڈاکٹروں اور چیف نرس کی جانب سے تعاون کی یقین دہانی پر اظہار تشکر کیا اور سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ نے صوبے بھر میں مریضوں کے اعداد و شمار کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ آزمائش کی گھڑی میں دوست ہی دوست کے کام آتا ہے، چین ہمارا قابل اعتماد دوست ہے، اس نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ نبھایا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ  کورونا سے بچاؤ اور سدباب کے لیے چین کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں گے، وائرس پر قابو پانے کے لیے چینی ڈاکٹروں کے مشورے اور سفارشات پر عمل کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ چین نے کورونا وائرس پر انتہائی کم وقت میں قابو پا کر قابل تقلید مثال قائم کی، کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے چین کا ماڈل دنیا کے لیے ایک نئی مثال ہے۔

(Visited 41 times, 1 visits today)
Loading...
Advertisements

Comments

comments

اپنا تبصرہ بھیجیں