افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ افغان طالبان کے سربراہ بار بار واضح کرچکے ہیں کہ افغان سر زمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہوگی۔
نجی ٹی وی کے سینیئر صحافی سے خصوصی گفتگو میں ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ اگر پاکستانی طالبان، افغان طالبان کے سربراہ کو اپنا سربراہ مانتے ہیں تو انہیں ان کی بات بھی ماننا ہوگی۔
سینیئر صحافی سے گفتگو میں انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاک افغان طویل سرحد پر بعض مقامات ایسے ہیں جہاں ابھی تک ان کی رسائی نہیں، حکومت کی تشکیل کے بعد اس سے متعلق مکینزم بنائیں گے۔
افغانستان سے مسافروں کو لیکر اقوام متحدہ کا خصوصی طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا
افغانستان کی موجودہ صورتحال کا پس منظر
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں طالبان نے کہا تھا کہ 31 اگست تک امریکا اور برطانیہ اپنا انخلا مکمل کریں اور اگر 31 اگست کے بعد بھی امریکی فوجی موجود رہتے ہیں تو اسے قبضے میں توسیع سمجھا جائے گا اور نتائج کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے۔
طالبان کے اس بیان کے بعد برطانیہ، فرانس، جرمنی و دیگر ممالک نے کہا تھا کہ وہ ڈیڈلائن میں توسیع کے لیے اپنے شراکت داروں اور طالبان سے رابطے میں ہیں جبکہ امریکی صدر جو بائیڈن نے امید ظاہر کی تھی کہ 31 اگست تک انخلا کا آپریشن مکمل کرلیا جائے گا۔
اس کے بعد 26 اگست کو کابل ائیرپورٹ پر دو دھماکے ہوئے جس میں تقریباً 170 کے قریب افراد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں 13 امریکی فوجی، دو برطانوی شہری اور دیگر افغان باشندے شامل ہیں۔
ان دھماکوں کے بعد مختلف ممالک نے انخلا کا عمل تیز کردیا جبکہ بعض ممالک نے آپریشن معطل کردیا۔
یاد رہے کہ 15 اگست کو طالبان افغان دارالحکومت کابل میں بھی داخل ہوگئے تھے جس کے بعد ملک کا کنٹرول عملی طور پر ان کے پاس چلا گیا ہےاور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد حکومتی عہدے دار فرار ہوچکے ہیں۔
طالبان کے کابل میں داخل ہونے کے بعد غیر ملکی اور افغان شہریوں کی بڑی تعداد ملک سے نکلنے کی خواہش میں کابل ائیرپورٹ پر موجود ہیں جبکہ ائیرپورٹ کا انتظام امریکی فوجیوں نے سنبھال رکھا ہے اور روزانہ درجنوں پروازیں شہریوں کو وہاں سے نکال رہی ہیں۔
Discussion about this post