وزیراعظم عمران خان نے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48 ویں اجلاس سے خطاب میں کہا کہ اسلام کا کسی طور بھی دہشتگردی سے تعلق نہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے او آئی سی ممبران کو اسلاموفوبیا کے خلاف قرار داد کی منظوری پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ نائن الیون کے بعد اسلاموفوبیا کا آغاز ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ نے 15 مارچ کو اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی دن قرار دیا ہے، 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کی مسجد پر حملہ کر کے نمازیوں کو شہید کیا گیا، ڈیڑھ ارب مسلمانوں کو دہشتگردی سے کیسے جوڑا جا سکتا ہے؟
پاکستان کی میزبانی میں پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کا 48 واں اجلاس جاری ہے۔
نائیجر کے وزیرِ خارجہ نے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کی صدارت سپرد کر دی۔
جس کے بعد پاکستان نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے 48 ویں اجلاس کی صدارت سنبھال لی۔
او آئی سی وزرائے خارجہ کے 48 ویں اجلاس کا تھیم اتحاد، انصاف اور ترقی کے لیے شراکت داری ہے۔
Discussion about this post