نیند ہمارے دماغ کی کارکردگی کو نارمل رکھنے کے لیے انتہائی ناگزیر ہے۔ نیند کے دوران ہمارا دماغ خود کو از سر نو منظم اور ’ری چارج‘ کرتا ہے۔ نیند میں ہی ہمارے جسم سے زہریلے فاسد مادے خارج ہوتے ہیں اور ہمارا مدافعتی نظام بہتر ہوتا ہے۔
یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ آیا ایک نارمل انسان کے لیے کتنی دیر سونا کافی ہوتا ہے؟ ویب سائٹ dailymaverick.co.za کے مطابق نئی تحقیق میں یونیورسٹی آف کیمبرج کے ماہرین نے اس سوال کا حتمی جواب دیتے ہوئے بتایا ہے کہ ایک بالغ انسان کے لیے ہر روز رات کو 7 گھنٹے سونا کافی ہوتا ہے۔
ماہرین کی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ جہاں 7 گھنٹے سے کم نیند انسان کی دماغی اور جسمانی کارکردگی پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔ اسی طرح 7 گھنٹے سے زیادہ سونا بھی نقصان دہ ہوتا ہے۔
تحقیقاتی ٹیم کی سربراہ پروفیسر باربرا جیکولین ساہیکیان کا کہنا تھا کہ ہم نے اس تحقیق میں ہزاروں لوگوں کے طبی ڈیٹا اور نیند کے معمول کا تجزیہ کیا جس میں معلوم ہوا کہ جو لوگ روزانہ 7 گھنٹے سوتے تھے وہ 7 گھنٹے سے کم یا زیادہ سونے والوں کی نسبت اوسطاً بہتر ذہنی اور جسمانی کارکردگی کے حامل تھے۔
تحقیق میں شامل لوگ 7 گھنٹے سے جتنا کم یا زیادہ نیند لیتے تھے ان کی ذہنی و جسمانی کارکردگی اتنی ہی کم تھی۔ واضح رہے کہ یہ تحقیقاتی رپورٹ نیچر ایجنگ نامی جریدے میں شائع ہوی ہے۔
Discussion about this post