حالیہ دور میں آرٹیفشل انٹیلیجنس کی مدد سے ایک ایسا اسپیکر تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعے ہم دنیا سے چلے جانے والے اپنے پیاروں کی آواز کو سن سکیں گے۔
ورچوئل اسسٹنٹ ٹیکنالوجی ایمیزون الیکسا پر نیا فیچر متعارف ہونے جا رہا ہے جس کے ذریعے کسی کی بھی آواز کی نقل کی جا سکتی ہے۔
ایمیزون کے ’الیکسا اے آئی‘ کے سربراہ سائنسدان روہت پرساد کا کہنا ہے کہ بلا شبہ موجودہ دور مصنوعی ذہانت کا سنہری دور ہے جہاں ہمارے خواب اور سائنس فکشن حقیقت کا روپ اختیار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکسا کا نیا فیچر ایک منٹ سے بھی کم وقت کی ریکارڈ شدہ آڈیو سن کر کسی کی بھی آواز کی نقل کرسکتا ہے۔
سائنسدان روہت پرساد نے کہا کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے دور میں جب کئی افراد نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے، ایسے میں اے آئی سسٹمز میں ’انسانی صفات‘ کو شامل کرنا مزید اہم ہو گیا ہے۔
اگرچہ مصنوعی ذہانت اس دکھ کا ازالہ نہیں کر سکتی لیکن وفات پا جانے والوں کی یادوں کو زندہ ضرور رکھ سکتی ہے۔
ایمیزون نے سالانہ ’مارس کانفرنس‘ کے دوران اس نئے فیچر کا ڈیمو پیش کیا۔ تاہم یہ فیچر آزمائشی مراحل میں ہے، یہ عام صارفین کے لیے کب تک دستیاب ہو گا، تاحال اس کا کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا۔
Discussion about this post