پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 9 حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کا جاری انتخابی شیڈول چیلنج کر دیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے ذریعے متفرق درخواست جمع کرائی ہے جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ سے انتخابی شیڈول کو معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے مرحلہ وار استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواست زیرِ التوا ہے۔
عدالت چار اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا اعلان کیا تھا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان نے بتایا تھا کہ کاغذاتِ نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروائے جا سکتے ہیں، جن کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کی جائے گی جبکہ پولنگ 25 ستمبر کو ہو گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یہ ضمنی انتخاب این اے 22 مردان 3، این اے 24 چارسدہ 2، این اے 31 پشاور 5، این اے 45 کرم 1، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب 2 جبکہ کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقوں این اے 237 ملیر 2، این اے 239 کورنگی کراچی 1 اور این اے 246 کراچی جنوبی 1 میں ہوگا۔
Discussion about this post